ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں: صوبائی الیکشن کمشنر

02-08-2024

(لاہور نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

عام انتخابات کے حوالے سے اپنے ایک  پیغام میں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب کے 144 قومی اور 297صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، پولنگ کاعمل صبح 8 سے 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 7کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار972 رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے 51 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ادارے غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں،شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اعجاز انور چوہان کا مزید کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ووٹرز کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام کنٹرول رومز فعال ہیں۔