عمران عباس کا بھارتی گانا گاکر پاکستان سے اظہارِ محبت

02-08-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت بھارت میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف اداکار عمران عباس عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے، 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا جبکہ سکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ عام انتخابات کے لیے جہاں عوام پُرجوش نظر آرہے ہیں تو وہیں شوبز ستارے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کر رہے ہیں جبکہ کچھ اداکار تو اپنا کام چھوڑ کر ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے آبائی شہر کا رُخ کررہے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ لیڈر کو ووٹ ڈال سکیں۔ اسی سلسلے میں معروف اداکار عمران عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی سٹوری میں اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گاڑی چلاتے ہوئے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران عباس گاڑی چلاتے ہوئے بالی ووڈ فلم ‘بھج: دی پرائیڈ آف انڈیا’ کا گانا ‘دیش میرے’ گنگنا رہے ہیں۔ عمران عباس نے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے قبل  بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کا یہ گانا گنگنا کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اداکار نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عام انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں۔