انڈر 19 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل، شاہین آج کینگروز کو جھپٹنے کیلئے تیار

02-08-2024

(لاہور نیوز) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

جنوبی افریقا کی میزبانی میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں شاہین اور کینگروز پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے شہر بینونی کے ولومور پارک میں مقابلے کیلئے اتریں گے، پاکستانی ٹیم کی قیادت سعد بیگ کریں گے، جیتنے والی ٹیم 11 فروری کو فائنل میں بھارت سے ٹکرائے گی۔ واضح رہے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے میزبان جنوبی افریقا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی، ولومور پارک میں ہونیوالے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ بھارت نے 245 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بھارت کی جانب سے سچن داس نے 96 اور کپتان اودے شرن نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لوہان ڈری پریٹوریس 76 اور رچرڈ سیلٹسوین 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بھارت کی طرف سے راج لمبانی نے 3، مشیر خان نے 2، نمن تیواری اور سامی پانڈے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔