پاکستان مخالف فلم'فائٹر' مشکلات کا شکار،بھارتی فضائیہ نے بڑا قدم اٹھا لیا
02-07-2024
(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی پاکستان مخالف فلم ‘فائٹر’ کو بھارتی فضائیہ کی افسر سومیا دیپ داس نے قانونی نوٹس بھیج دیا۔
بھارتی فضائیہ کی افسر سومیا دیپ داس نے فلم ‘فائٹر’ کو بھارتی فضائیہ اور اس کے افسران کی ہتک عزت، توہین اور منفی اثرات کے لیے قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلم میں افسران کے درمیان جو غیر اخلاقی مناظر دکھائے گئے ہیں، اُن کے ذریعے ہماری غلط منظر کشی کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ بھارتی فضائیہ کا کام اپنے ملک کی حفاظت کرنا ہے لیکن فلم میں افسران کے کردار میں غیراخلاقی مناظر دکھائے گئے، اس سے دنیا میں ہمارا غلط تاثر جاتا ہے، ہمارے افسران کی قربانیوں کی ناقدری کی گئی ہے اور ساتھ ہی فلم میں ایسے مناظر دکھا کر بھارتی فضائیہ کی توہین بھی کی گئی ہے۔ پاکستان مخالف فلم ‘فائٹر’ میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون نے انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کیا ہے جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے۔فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کو ایک دوسرے سے محبت ہوجاتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے ڈیوٹی پر تعینات دونوں افسران کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہوجاتے ہیں۔ واضح رہے کہ یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے بنایا ہے اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ کے موقع پر 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا۔