صحافیوں کا الیکشن کمیشن میں قائم الیکشن سٹی کا دورہ

02-07-2024

(ویب ڈیسک) صحافیوں نے الیکشن کمیشن میں قائم الیکشن سٹی کا دورہ کیا، صحافیوں کو موصول ہونے والے نتائج بارے بریفنگ دی گئی۔

صحافیوں کو پولیٹیکل فنانس ونگ کے سربراہ مسعود شیروانی اور ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی، ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بتایا کہ الیکشن سٹی میں آر اوز کے نتائج موصول ہوں گے، ہمارا نظام انٹرنیٹ پر انحصار نہیں کرتا۔ ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے مزید بتایا کہ ایک قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلی کے انتخابات امیدواروں کی وفات کے باعث ملتوی ہوئے، الیکشن سٹی کی وال پر پارٹی پوزیشن، پارٹی گراف بھی ڈسپلے ہو گا، تمام آر اوز کے دفاتر میں بھی ایسی میڈیا وال لگائی گئی ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ای ایم ایس کرنل (ر) محمد سعد علی نے بتایا کہ ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد فارم 47 ہمیں ارسال کرنا ہو گا، فارم 47 ای میل، فیکس کے ذریعے موصول ہو گا، لائیو نتائج یہاں سے سب دیکھ سکیں گے، تمام آر اوز کو ڈی ایس ایل کنکشن دیئے گئے ہیں۔ کرنل (ر) محمد سعد علی نے مزید بتایا کہ 60 آر اوز کو سیٹلائٹ کنکشن بھی دیئے گئے ہیں، ملک بھر میں 3600 ای ایم ایس آپریٹرز کام کر رہے ہیں، پریذائیڈنگ افسر سافٹ ویئر کے ذریعے فارم 45 کی تصویر بنا کر آر او کو بھیجے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ نیٹ ورک دستیاب نہ ہوا تو تصویر کی لوکیشن اور وقت سافٹ ویئر میں محفوظ ہو جائے گا۔