عام انتخابات : بیشتر علاقوں میں پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل مکمل
02-07-2024
(لاہور نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات میں محض ایک دن باقی ہے جس کیلئے پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل مکمل ہو گئی۔
کل ہونے والے انتخابات کے لئے انتخابی سامان پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ 8 فروری کو ہونے والی پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار افراد پر مشتمل انتخابی عملہ الیکشن کیلئے ذمہ داریاں انجام دے گا، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 کو حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ الیکشن نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان کی پولنگ سٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہو گی۔ انتخابی مہم کا وقت ختم دوسری جانب عام انتخابات 2024ء کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق شق 48 اور 49 کے تحت انتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب ختم ہوئی، انتخابی مہم کا مقررہ وقت گزرنے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر مکمل پابندی ہو گی، مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد انتخابی تشہیر کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ڈے پر بھی انتخابی مہم یا ووٹرز کی حوصلہ افزائی یا حوصلہ شکنی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، انتخابی عمل تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہو گی، میڈیا پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے بعد رزلٹ نشر کر سکے گا۔ واضح طور پر بتانا ہو گا کہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، آر اوز پولنگ سٹیشنوں کا مکمل غیر حتمی نتیجہ جاری کریں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرننگ افسران و پولیس ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی پابند ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی غیر قانونی تصور ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہو گئی ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں گی، کل 8 فروری کو پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، پولنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ووٹ کاسٹ ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے ووٹرز کے پاس اصلی شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔ ووٹرز پولنگ سٹیشن کی معلومات کے لئے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔