ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے اہم قدم اٹھا لیا

02-07-2024

(ویب ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے سنگل سیلز ٹیکس پورٹل او ریٹرن متعارف کروا دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے ذریعے متعارف کروائے گئے نئے نظام کا اطلاق فروری 2024 سے جمع ہونے والے ٹیکس پیریڈ جنوری 2024 کے سیلز ٹیکس گوشواروں کے لیے کر دیا گیا ہے جس کے تحت ٹیکس دہندگان کو اب ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو الگ الگ سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے بجائے سنگل سیلز ٹیکس پورٹل کے ذریعے ایک ہی سیلز ٹیکس گوشوارہ جمع کروانا ہوگا۔ پہلے مرحلے پر سنگل سیلز ٹیکس پورٹل اور ریٹرن کا اطلاق صرف ٹیلی کام سیکٹر کے لیے کیا گیا ہے، پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد سنگل سیلز ٹیکس پورٹل اور ریٹرن کا دائرہ کار دوسرے شعبوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے صوبائی ریونیو اتھارٹیز کی مشاورت سے سنگل سیلز ٹیکس پورٹل و ریٹرن فارم متعارف کروایا ہے جس کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کو سیلز ٹیکس کے گوشوارے جمع کروانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ سنگل سیلز ٹیکس پورٹل و ریٹرن کے تحت ٹیکس دہندگان کے لیے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے نظام کو سادہ و آسان بنایا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت آئندہ ٹیلی کام کمپنیوں کو ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو الگ الگ سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے بجائے ایف بی آر کے سنگل سیلز ٹیکس پورٹل کے ذریعے ایک ہی سیلز ٹیکس گوشوارہ جمع کروانا ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت صارفین کی تعداد بڑھے گی اور سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کروانے میں ہونے والے غلطیاں دور ہوجائیں گی۔ اس کے علاوہ سینٹرلائزڈ پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ ٹیکس معلومات تک رسائی میں آسانی ہوگی۔