لاہور میں 68 لاکھ58 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

02-07-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں عام انتخابات 2024 کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

کمشنر لاہور کی رپورٹ کے مطابق شہر کے 14 قومی اور 30 صوبائی حلقوں کیلئے 4 ہزار 357 پولنگ سٹیشنز پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے، لاہور میں 68 لاکھ 58 ہزار 94 شہری ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  لاہور مرد ووٹرز کی تعداد 36 لاکھ 36 ہزار 253 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 32 لاکھ 21 ہزار 841 ہے،لاہور ڈویژن میں شیخوپورہ ، ننکانہ اور قصور میں کل ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 21 لاکھ 64 ہزار 417 ہے۔ کمشنر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ایک ہزار 685 عمارتوں میں 4357 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، لاہور ڈویژن میں 4 ہزار 9 عمارتوں میں 7 ہزار 958 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں ایک ہزار 120 پولنگ سٹیشنز حساس ترین قرار دئیے گئے ہیں، شیخوپورہ میں 127، قصور میں 174 اور ننکانہ میں 243 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 4 ہزار 480 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، شیخوپورہ میں 508، قصور میں 696 اور ننکانہ میں 972 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، لاہور ڈویژن میں مجموعی طور پر ایک ہزار 664 حساس پولنگ سٹیشنز پر 6 ہزار 656 سی سی ٹی وی کیمرے فعال کر دئیے گئے ہیں۔ کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لاہور میں ایک ہزار 695 گاڑیاں الیکشن عملے کو فراہم کر دی گئی ہیں، شیخوپورہ میں ایک ہزار 41، قصور میں 621  اور ننکانہ میں 204 گاڑیاں الیکشن عملے کو دے دی گئی ہیں، لاہور ڈویژن میں مجموعی طور پر 3 ہزار 561 گاڑیاں الیکشن عملے کو فراہم کی گئیں جبکہ الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو فنڈز منتقل کر دیئے ہیں۔