عام انتخابات کےپرامن انتخاب کیلئے پولیس کی تیاریاں مکمل
02-07-2024
(لاہور نیوز) الیکشن 2024 کے پُرامن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس نے تیاریاں مکمل کرلیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں آج ڈیوٹی پوائنٹس سنبھال لیں گی، پنجاب پولیس کےایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 32 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی خلاف ورزی پر ذمہ داران کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں، پولنگ سٹیشنز پر ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے پر بلا تفریق کارروائی ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہونگی ، ملک دشمن و شر پسند عناصر کو روکنے کیلئے بارڈر چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔