محسن نقوی نے پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کردیا
02-07-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کردیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈے کیئر سنٹر میں بچوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے پلے ایریا اور دیگر رومز کا معائنہ کیا اور ڈے کیئر سنٹر میں بہترین سہولتوں پر اطمینان کااظہار کیا، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور اے ایس پی سیدہ شہر بانو نے ڈے کیئر سنٹر کے با رے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔ پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں ڈے کیئر سنٹر نجی شعبے کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے دفتر سے ملحقہ پولیس فلیٹس کابھی دورہ کیا،انہوں نے پولیس فلیٹس کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور فلیٹس کے داخلی راستے کو کشادہ و علیحدہ رکھنے اور سہولتوں کی بہتری کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس فلیٹس کے لئے مناسب پارکنگ کاانتظام ہونا چاہیے۔