سینئر اداکار غیور اختر کو مداحوں سے بچھڑے 10 سال گزر گئے

02-07-2024

(لاہور نیوز) منفرد انداز اور اداکاری میں جان بھرنے والے سینئر اداکار غیور اختر کو مداحوں سے بچھڑے 10 برس بیت گئے۔

فن کے افق پر کئی سال تک چمکنے والا ستارہ غیور اختر آج ہم ميں نہيں ہے مگر وہ اپنے فن کی بدولت مداحوں کے دلوں ميں آج بھی زندہ ہیں، غیور اختر 1946ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، کامیڈی کرداروں کو اپنے منفرد انداز سے نبھانے والے اداکار نے فنی کيريئر کا آغاز ريڈيو پاکستان سے کيا۔ غیور اختر 1970ء میں شوبز سے منسلک ہوئے اور پی ٹی وی کے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے کہانیوں کو لازوال بنا دیا، اداکار کو معروف ڈرامہ سیریل ’’سوناچاندی‘‘ میں ان کے مخصوص تکیہ کلام نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، ڈرامہ خواجہ اینڈ سن، افسر بے کار خاص، فری ہٹ اور راہيں ميں ان کے کردار لازوال ٹھہرے۔ بچوں کے مقبول ڈرامہ عینک والا جن میں بھی انہوں نے سامری جادوگر کا کردار خوب نبھایا، غیور اختر نے اپنے کیریئر میں چند فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، فلم ڈائریکٹ حوالدار میں جیلر کا کردار آج بھی ان کے مداحوں کو یاد ہے۔ اداکار غيور اختر کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے ’’پرائیڈ آف پرفارمنس‘‘ سے بھی نوازا، غیور اختر 7 فروری 2014ء میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔