مریم نواز کی سرکاری ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی

02-06-2024

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے سرکاری ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے نمائندہ وفد نے چیف کوآرڈی نیٹر رحمان باجوہ کی قیادت میں مریم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے اگیگا کے مطالبات پورے کرنے کا وعدہ کر لیا۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے مطالبات میں چھٹیوں کے بدلے معاوضے کی ادائیگی، تنخواہوں میں تفریق ختم اور پنشن اصلاحات شامل ہیں۔ مریم نواز  نے کہا کہ نواز شریف کا نام وعدوں کی تکمیل کی ضمانت ہے، سرکاری ملازمین کے مسائل بغیر کسی احتجاج کے ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، انشاءاللہ، مسلم لیگ (ن) کے منشور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کی تجویز شامل ہے۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر  نے کہا کہ وہ سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقات کی مشکلات سے آگاہ ہیں، سرکاری ملازمین شیر پر مہر لگائیں، اُن کے مسائل کے حل کی ضمانت دیتی ہوں۔ رحمان باجوہ اور وفد کے دیگر قائدین نے سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے وعدے پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، اگیگا کے وفد کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر مریم نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔