پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں جانتے: بلاول بھٹو

02-06-2024

(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرانے سیاستدان نفرت کی سیاست کی وجہ سے ملک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرے خاندان کے ساتھ وفاداری کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں جانتے، جو جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں ماضی کا حصہ بن چکی ہیں، وہ اپنی آخری اننگز کھیل رہی ہیں، ان کو اندازہ نہیں عوام کس مشکل میں ہیں، کیا یہی ہماری قسمت ہے ہم  نے بار بار انہی شکلوں کو دیکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے سیاستدانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، عوام ان کو بھی پہچانتے ہیں اور ان کے طریقہ کار کا بھی پتہ ہے، اب یہ چوتھی بار وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنا چاہتا ہے جبکہ یہ جمہوریت کیساتھ کیا کر رہے ہیں؟ چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ان کی ضد کی وجہ سے معیشت کیساتھ کیا ہو رہا ہے، انہیں عوام کی فکر ہی نہیں ہے، ان لوگوں نے عوام کو اپنا منشور تک نہیں بتایا، یہ لوگ پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔