بانی پی ٹی آئی کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

02-06-2024

(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شاد مان حملہ کیس سمیت سات مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج محمد نوید اقبال نے تین مقدمات (جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کیس) کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک سے حاضری نہ لگ سکی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جب ملزم کی ویڈیو لنک پر حاضری ہو گی تو ہی دلائل دونگا، جیل سے ویڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگ رہی، گرفتاری سے پہلے بانی پی ٹی آئی باقاعدگی سے عدالت پیش ہوتے رہے تھے، عدالت بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں طلب کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی جیل سے طلبی سے متعلق درخواست پر جواب طلب کرتے ہوئے تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت  9 فروری تک ملتوی کردی۔ بعدازاں اے ٹی سی جج ارشد جاوید چدھڑ کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی چار عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مسلم لیگ نون کا دفتر جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے، ضلے شاہ قتل اور زمان پارک جلاؤ گھیراؤ کے کیسز پر بھی سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔