سندھ پریمئیر لیگ میں شریک کھلاڑی اور آفیشلز واجبات سے محروم

02-06-2024

(ویب ڈیسک) سندھ پریمئیر لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور منتظمین کو تاحال ادائیگی نہیں کی گئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ سندھ پریمئیر لیگ (ایس پی ایل) کے پہلے ایڈیشن میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو واجبات ادا نہیں کیے گئے ہیں۔ ایک پلیٹ فارم پر پوسٹ شیئر کی گئی ہے کہ پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں تاحال رقم ادا نہیں کی گئی جبکہ گزشتہ روز فائنل کھیلنے والی ٹیم کے ایک کھلاڑی نے رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کی تھی تاہم بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔ واضح رہے کہ سندھ پریمئیر لیگ میں سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت کئی پاکستانی کرکٹرز ایونٹ میں شریک تھے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے فائنل میں میرپور خاص ٹائیگرز نے حیدر آباد بہادرز کو شکست دیکر ایونٹ کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔