محسن نقوی کا سروسز ہسپتال اور پی آئی سی کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا معائنہ
02-06-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال اور پی آئی سی کا 3گھنٹے طویل دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلورپر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور سروسز ہسپتال کی عمارت کے فرنٹ کا بھی معائنہ کیا اور معیاری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں خالی اراضی پر لان بنایا جائے۔ محسن نقوی نے موقع پر ہی پی ایچ اے کو ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سروسز ہسپتال کی لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر کے لئے فوری طور پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے، سٹیٹ آف آرٹ لیب و ڈائیگناسٹک سنٹر سے ہسپتال کو ریونیو بھی ملے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کی زیر تعمیر لیب اور ڈائیگناسٹک سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے لیب اور ڈائیگناسٹک سنٹر کو رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ڈائیگناسٹک سنٹر اور لیب میں ٹیسٹنگ کی جدیدمشینری نصب کی جائے، ڈائیگناسٹک سنٹر اور لیب میں بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہسپتال کیلئے ڈائیگناسٹک سنٹر اور لیب اہمیت کی حامل ہیں، ڈائیگناسٹک سنٹر اور لیب میں پروفیشنل عملہ تعینات کیا جائے۔ صوبائی وزراء، منصور قادر،ڈاکٹر جمال ناصر،سیکرٹریز صحت، تعمیرات و مواصلات،سی سی پی اولاہور،کمشنر،ڈپٹی کمشنر، ڈی جی پی ایچ اے،وائس چانسلر سمز،ایم ایس سروسز ہسپتال اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔