ہم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے ساتھ ہیں: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

02-05-2024

(ویب ڈیسک) ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ر عبد القیوم نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے ساتھ ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران لیفٹیننٹ جنرل ر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا ساتھ دینا ہمارے لئے لازم ہے ، نہرو کی بدنیتی سے کشمیر میں بھارتی افواج گئی، آج کشمیر کے ہر گھر پر بھارتی فوجی نیزہ تان کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیوں نہیں ہوا، یہ اقوام متحدہ میں موجود سب سے پرانا مسئلہ ہے، انسانیت کی تاریخ میں ہیرو شیما، ناگا ساکی سب سے افسردہ لمحہ تھا، فلسطین میں بچے ذبح ہو رہے ہیں ، اقوام متحدہ میں لوگوں کے پاس ویٹو پاور ہے، اسرائیل اور بھارت دندناتے پھر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ر عبد القیوم نے کہا کہ بابری مسجد کا جو ہوا آپ نے دیکھا ہے، دہلی کے قریب 600 سال پرانی مسجد گرا دی گئی، دنیا میں کسی نے احتجاج نہیں کیا، مودی حکومت نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں رکھنے کی کوشش کی، بلوچستان کے لوگوں کو آٹھ کھڑے ہونے کا کہا۔