پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) سے اتحاد مشکل ہے: بلاول بھٹو

02-05-2024

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) سے اتحاد مشکل ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ میثاق جمہوریت والی مسلم لیگ نہیں رہی، یہ ووٹ کو عزت دو والی نہیں، یہ امیر المومنین بننے کے خواب دیکھنے والی مسلم لیگ ہے، میرے لئے مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنا اب بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب انتخابات میں گڑبڑ کرنے کیلئے انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں، میاں صاحب کو خبردار کرتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہونا چاہئے، امید ہے کہ نواز شریف کے دباؤ کے باوجود نگران حکومت اور انتظامیہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نگران حکومت اور انتظامیہ نواز شریف کے حق میں جانبدار ہیں، نگران وزیر اعظم کی تقرری شہباز شریف نے راجہ ریاض کے ساتھ ملکر کی، راجہ ریاض اب مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ نواز شریف کے وزیراعظم بننے کے امکان سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کب تک یہی شکلیں بار بار دیکھتے رہیں گے، اب موقع آ گیا ہے کہ ہم اس ملک کی قیادت اور دیکھ بھال ایک نئی نسل کو منتقل کر دیں۔