پنجاب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی کارروائیاں

02-05-2024

(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پی پی 177 قصور میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے 5 اساتذہ کو نوٹسز جاری کئے۔ گورنمنٹ اسلامیہ گریجویٹ کالج قصورکے 5 اساتذہ نے سیاسی جلسے میں شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر قصور نے متعلقہ اساتذہ کو وضاحت کیلئے طلب کر لیا۔  پی پی 244بہاولنگر میں امیدوار میاں عبدالرشید جٹالہ کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر 20ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ امیدوار این اے 163 بہاولنگر نور الحسن کو علاقہ کھچی والا میں ترقیاتی کام کروانے پر نوٹس جاری کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں امیدواران کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد آویزاں کرنے پر نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔