وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت
02-05-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں ، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں،دہشت گرد دھرتی کا بوجھ ہیں، اتحاد کی قوت سے اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہید اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔