سابق کپتان ویمن کرکٹ ٹیم جویریہ خان رشتہ ازدواج میں منسلک

02-05-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور سینئر بلے باز جویریہ خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

جویریہ خان اور وقاص کی شادی کی پروقار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں عزیز و اقارب کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں سابق قومی ویمن کپتان بسمہ معروف اور معروف آل راؤنڈر فاطمہ ثنا سمیت دیگر پاکستانی ویمن کرکٹرز شریک ہوئیں۔ شادی کے اس پر مسرت موقع پر جویریہ نے آف وائٹ عروسی جوڑا زیب تن کر رکھا ہے، ہلکے میک اپ اور جیولری میں وہ انتہائی خوش نظر آرہی ہیں۔ واضح رہے کہ جویریہ خان نے مئی 2008 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا تھا، ون ڈے میچز میں انہوں نے پاکستان کے لئے 2885 رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 2018 رنز سکور کئے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2022 میں بھارت جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی فروری 2023 میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔