دورہ عمان پر قومی ہاکی ٹیم کو مالی مسائل کی خبروں کا معاملہ،ہیڈ کوچ نے لب کشائی کردی

02-04-2024

(ویب ڈیسک) ہیڈکوچ پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم شکیل عباسی نے دورہ عمان پر مالی مسائل کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

 تفصیلات کے مطابق اپنے بیان شکیل عباسی  کا کہنا تھا کہ دورہ عمان پر مالی مسائل کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے،کھلاڑیوں کے پاسپورٹ ضبط ہوئے نہ کھلاڑیوں کو ہوٹل میں کوئی مسئلہ پیش آیا۔ شکیل عباسی نے کہا کہ پاکستان ٹیم اس ہوٹل میں تھی جہاں عمان کی نیشنل ٹیم بھی رہائش پذیر تھی، پاکستان ٹیم کا ہوٹل معیاری تھا، کوالیفائر ٹورنامنٹ کے بعد فائیو اے سائیڈ کیلئے مسقط میں ہی چار دن کا کیمپ لگایا گیا تھا، ان چار روز کیلئے ہوٹل تبدیل کرنے کا ارادہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ چار دن کیلئے کم قیمت والا ہوٹل لینا چاہتے تھے، پاکستانی سفیر نے ہوٹل تبدیل نہ کرنے کا کہا، ہوٹل کو ان چار دن کی ادائیگی کر دی، عبداللہ کے دانت کیلئے بہترین اسپتال میں علاج کرایا۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پہلے جس اسپتال میں گئے وہ ایونٹ کرانے والی انتظامیہ کے پے رول پر نہیں تھا، عبداللہ کو فوراً دوسرے اسپتال لے گئے اور مکمل علاج کرایا۔