پنجاب کابینہ نے باب آزادی واہگہ بارڈر کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی

02-04-2024

لاہور :(لیاقت علی) نگران پنجاب کابینہ نے باب آزادی واہگہ بارڈرکی اپ گریڈیشن کی منظوری دیدی، باب آزادی کو شاہی قلعہ کی طرز پر ری ڈیزائن کیا جائے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 39واں اجلاس ہوا ، اجلاس میں باب آزادی واہگہ بارڈر کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی، باب آزادی کو  شاہی قلعہ کی طرز پر ری ڈیزائن کیا جائے گا، نگران کابینہ نے ڈیزائن  اورفنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دے دی۔  نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی  نے کہا کہ  باب آزادی کا داخلی گیٹ شاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ کی طرز پر ڈیزائن ہوگا، باب آزادی پر پریڈ دکھانے کے لئے بڑی ایل سی ڈیز نصب  کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پریڈ گراؤنڈ کی توسیع کے ساتھ بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ پارکنگ ایریا کو بھی مزید کشادہ کیا جائے گا،اپ گریڈیشن کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تقریباً18 ہزار ہوجائے گی۔ اجلاس میں لبرٹی چوک کی ری ماڈلنگ اورجنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے قومی پرچم کیلئے نجی  بینک سے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے لاہور میٹروبس سروس کے کوریڈور کی تعمیر و توسیع کے لئے فنڈز کی  بھی منظوری دیدی جبکہ  بینک آف پنجاب کے نئے بورڈ کے ارکان کی نامزدگی کی  اجازت بھی دیدی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی  نے  محکمہ تعلقات عامہ کا بھی  دورہ کیا اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا ، میڈیا ٹاور ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے طور پر کام کرے گا، منصوبہ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے 3ماہ میں مکمل ہو گا۔