پی پی آفس پر حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو احتجاج کا حق رکھتے ہیں:اسلم گل

02-04-2024

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اسلم گل نے کہا ہے کہ اگر اگلے چند گھنٹوں میں پی پی آفس پر حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہوئی تو لاہور سمیت ہر جگہ احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔

چونگی امرسدھو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریبوں اور متوسط طبقے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے، پارٹی کا منشور انقلابی منشور ہے اور یہ صرف عام عوام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیر اعظم بن کر منشور پر عمل درآمد کرینگے، یوتھ،اقلیت اور خواتین سمیت تمام تنظیمیں یہاں موجود ہیں، ایک شتر بے مہار "عطا اللہ ٹر ٹر" کو انتباہ کرتے ہیں کہ وہ حد میں رہے۔ اسلم گل نے کہا کہ نواز شریف ٹولا سارے اداروں کو اپنا تابعدار بنانا چاہتا ہے، نواز ٹولہ عوامی پذیرائی سے محرومی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، "ٹر ٹر "اپنا ذہنی توازن کھو چکا ہے اور ہار دیکھ کر ہمارے مرکزی دفتر پر حملہ کیا۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم ووٹرز لسٹیں اور پرچیاں بنا رہے تھے، "عطا ٹر ٹر" نے ساتھیوں سمیت حملہ کر دیا، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں، انکی کوشش ہے این اے127 میں الیکشن نہ ہو، لاہور اور پنجاب کا موڈ تبدیل ہو چکا ہے، پیپلز پارٹی 50سیٹیں سندھ سے لیکر نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی ،چیف سیکرٹری پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر نوٹس لیں، ابھی تک ہمارا پرچہ کیوں درج نہیں ہوا، ڈکیتی کا پرچہ درج اور ملزمان گرفتار ہونے چاہئیں تھے۔ اسلم گل کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلیٰ نواز ٹولے یا کسی اور کے پریشر میں مت آئیں، خبردار کرتا ہوں کہ فوری ایف آئی آر درج کی جائے کیونکہ ملزم خود تسلیم کر رہا ہے، اگر ایف آئی آر اگلے چند گھنٹے میں درج نہ ہوئی تو لاہور سمیت ہر جگہ احتجاج کا حق رکھتے ہیں ہم کسی لفنگے اور بدمعاش کو نہیں مانتے۔