لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے بائیو گیس پلانٹ کا افتتاح
02-04-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے بائیو گیس پلانٹ کا افتتاح کردیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بٹن دبا کر کمپریسڈ بائیو گیس پلانٹ پروڈکشن کا آغاز کیا، وزیراعلیٰ نے نقاب کشائی کے بعد افتتاحی تختی پر دستخط ثبت کئے اور تاریخ بھی لکھی، انہوں نے بائیو گیس پلانٹ کمپلیکس میں پودا بھی لگایا۔ لاہور کی گجر کالونی میں قائم بائیو گیس پلانٹ سے روزانہ 6000 مکعب میٹر گیس بن سکے گی، بائیو گیس پلانٹ میں روزانہ 1600کلو گوبر استعمال ہوگا، گجر پورہ بائیو گیس پلانٹ سے روزانہ 16ہزار کلو نامیاتی کھاد پیدا ہوگی، گیس پلانٹ سے پیدا ہونے والی نامیاتی کھاد پی ایچ اے اور کاشتکار استعمال کر سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گجر پورہ بائیو گیس پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا، صوبائی وزیر بلال افضل ، سیکرٹری انرجی، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔