وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ تعلقات عامہ میں ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

02-04-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے محکمہ تعلقات عامہ میں ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ تعلقات عامہ کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا۔ محسن نقوی نے ڈی جی پی آر کے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا، افسران سے ملاقات کی اور حکومتی اقدامات کو موثرانداز میں اجاگر کرنے کے لئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب کو میڈیا ٹاور کی تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔ دوران بریفنگ محسن نقوی کو بتایا گیا کہ میڈیا ٹاور میں سوشل میڈیا ماہرین کیلئے جدید سہولیات دستیاب ہوں گی، میڈیا ٹاور ڈی جی پی آر کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے طور پر کام کرے گا، 15 کروڑ روپے کی لاگت سے میڈیا ٹاور 3 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیجیٹل و سوشل میڈیا ٹاور کی عمارت کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، ڈی جی پی آر بلڈنگ پر”ڈی جی پی آر ڈیجیٹل میڈیا“ ونگ کا بورڈ لگانے کا بھی حکم دیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈی جی پی آر حکومت پنجاب کے فلاحی و عوامی اقدامات کی بہترین تشہیر کے ساتھ فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کا بھی مؤثر مقابلہ کر رہا ہے، خوشی ہے کہ ڈی جی پی آر موجودہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل دور میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات دانیال گیلانی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی جی پی آر روبینہ افضل، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن، ڈائریکٹر نیوز اور متعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔