جو وائرل بیماری پاکستان میں آئی تھی اب ہمیشہ کیلئے ختم ہو گئی: مریم نواز

02-03-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جو وائرل بیماری پاکستان میں آ گئی تھی اس کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے بھگایا، وہ آپ سے ڈر گئے تھے، اس لئے یہاں سے بھاگ گئے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ وائرل بیماری گزشتہ 5 سال رہی لیکن آپ کا نقصان کر گئی، وہ وائرل بیماری ختم ہو گئی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ گوجرانوالہ والو 8 فروری کو 20 کی 20 سیٹیں جیتنے جا رہے ہو؟ نواز شریف کی جس تقریر نے بازی پلٹ دی وہ گوجرانوالہ میں ہوئی، ایک شخص نے کروڑوں نوکریوں کا جھوٹا وعدہ کیا تھا، نواز شریف نے اگر وعدہ کیا ہے تو میرا یقین کریں کہ وہ آپ کو نوکریاں دے گا۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ گوجرانوالہ نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ نہیں چھوڑا، آپ نے ہمارا ساتھ نبھایا اب ہماری باری ہے کہ آپ کا ساتھ دیں، ہم آپ کی تقدیر بدلیں گے۔