جب تک آپ کو باعزت روزگار نہیں ملتا سکون سے نہیں بیٹھوں گا: نواز شریف

02-03-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب تک آپ کو باعزت روزگار نہیں ملتا سکون سے نہیں بیٹھوں گا۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہہ رہی ہے میرے دور میں کرپشن سب سے کم تھی، صرف کرپشن نہیں روٹی، آٹے، چینی، گھی، پٹرول اور بجلی کی قیمت بھی کم تھی، لوڈشیڈنگ بھی ہم نے ختم کی، ڈالر کی قیمت بھی سب سے کم میرے دور میں تھی، میرے دور میں ترقی کی رفتار 6 فیصد پر تھی، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف نے کہا اگر پاکستان اسی طرح ترقی کرتا رہا تو اس کو کوئی نہیں روک سکتا۔ نواز شریف نے کہا پاکستان میں سی پیک آیا، پاکستان میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، یہ اسلام آباد میں دھرنے کر رہے تھے، ہم کام کر رہے تھے، یہاں سارے ترقیاتی کام شہباز شریف نے کئے، شہباز شریف ترقیاتی کاموں پر میرا نام لے رہے ہیں اور سب خود بنوائے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر ظلم ڈھایا گیا ہے، نوجوانوں کو کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ہے، نواز شریف چین سے بیٹھنے والا نہیں ہے، جب تک پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، ہم بجلی سستی کریں گے، موٹرویز بنائیں گے، ہم اس جی ٹی روڈ کو موٹروے بنائیں گے، ہم پاکستان سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے۔