ڈیوس کپ ٹائی: بھارت کے رام کمار نے اعصام الحق کو شکست دے دی

02-03-2024

(ویب ڈیسک) ڈیوس کپ ٹائی کے سنگلز مقابلے میں بھارت کے رام کمار نے پاکستان کے اعصام الحق کو شکست دے دی۔

 60 سال بعد بھارتی ٹیم آج پاکستان میں ہونے والے کسی ٹینس کے مقابلے میں حصہ لے رہی ہے ، سنگلز مقابلے میں  پاکستان کے اعصام الحق نے پہلا سیٹ 7-6 سے جیتا تھا جبکہ بھارت کے رام کمار نے دوسرا سیٹ 7-6 سے اپنے نام کیا۔ تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں رام کمار نے اعصام الحق کو 6-0 سے شکست دی۔ تیسرے سیٹ کے دوران اعصام الحق نے میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا تھا۔ اسلام آباد میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹس پر ہونے والے گروپ ون کے پلے آف میں دو سنگلز میچز آج شیڈول ہیں، اتوار کو ایک ڈبلز اور دو سنگلز میچ ہوں گے۔ عقیل خان آج دوسرے میچ میں سریرام بالاجی کے خلاف کھیلیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان پچھلا مقابلہ 2014 میں قازقستان میں ہوا تھا، جس میں بھارت نے 0-4 کے سکور سے فتح حاصل کی تھی۔