اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر کی جگہ مختص کروا دی: مصطفیٰ قریشی
02-03-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر کی جگہ مختص کروا دی ہے۔
حال ہی میں سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنی اہلیہ گلوکارہ و اداکارہ روبینہ اشرف قریشی کے انتقال سے متعلق گفتگو کی۔ مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ میری اہلیہ کی تدفین کراچی میں عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی گئی تھی اور محکمہ ثقافت سندھ نے میری اہلیہ کی قبر کے لیے محکمہ اوقاف کو 5 لاکھ روپے کا معاوضہ بھی دیا تھا۔ سینئر اداکار نے کہا کہ مجھے یہ لگتا ہے کہ میری اہلیہ کی قبر کے عوض میں سندھ حکومت نے پیسے ایک جیب سے نکال کر دوسری جیب میں ڈالے۔ اُنہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میرے انتقال کے بعد میری تدفین بھی میری اہلیہ کی قبر کے قریب ہی کی جائے لہٰذا میں نے اپنے لیے قبر کی جگہ مختص کروادی ہے کیونکہ وہاں صرف ایک ہی قبر کی جگہ بچ گئی تھی۔ مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ میں نے محکمہ ثقافت کو میری قبر کا معاوضہ دینے سے منع کردیا ہے لیکن میری خواہش ہے کہ محکمہ اوقاف مجھ سے قبر کا معاوضہ نہ لے بلکہ کسی بھی فنکار سے قبر کا معاوضہ نہیں لینا چاہیے۔ اداکار نے مزید کہا کہ مجھے بھی اپنی قبر کے لیے 5 لاکھ روپے دینے ہیں لیکن فی الحال میں نے پیسے نہیں دیے ہیں اور قبر کی جگہ پر پتھر رکھ دیا ہے، جس پر لکھا ہے کہ جگہ مختص برائے مصطفیٰ قریشی”۔ واضح رہے کہ مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ گلوکارہ و اداکارہ روبینہ قریشی سال 2022 میں دنیا سے کوچ کرگئی تھیں۔