احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے دوبارہ چھٹیوں کی درخواست دیدی

02-03-2024

(لاہور نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک بار پھر چھٹیوں کی درخواست دے دی۔

ذرائع کے مطابق جج محمد بشیر نے صحت کی وجہ بتاتے ہوئے ریٹائرمنٹ تک رخصت کی درخواست جمع کرائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کام کی نوعیت اور دباؤ کی وجہ سے جج بشیر کو ہائپر ٹینشن کا سامنا ہے، گزشتہ دس سے پندرہ روز کے اندر انہوں نے دوسری مرتبہ رخصت کی درخواست جمع کرائی ہے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے چھٹیوں کی درخواست جمع کرائی تھی لیکن وہ اپنی پہلے والی درخواست سے دستبردار ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ جج بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی، جج محمد بشیر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔