قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اور ملازمین بدحالی کاشکار،6ماہ سے تنخواہوں سے محروم

02-02-2024

(ویب ڈیسک) قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑی اور ملازمین گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث بدحالی کا شکار ہوگئے۔

رپورٹ کےمطابق لاہور میں عرصہ دراز سے فیڈریشن سے وابستہ ایک ملازم صادق خان دل کی تکلیف کے باعث اسپتال داخل کروادیا گیا جبکہ کسی اعلیٰ عہدیدار نے خیریت بھی دریافت نہیں کی۔پریشان حال دوسرے ملازمین بھی قرض مانگ کر گزارا کرنے پر مجبور ہیں جبکہ پی ایچ ایف نے ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس تک ادا نہیں کیے۔ دوسری جانب وزارت آئی پی سی کی جانب سے پی ایچ ایف کو حال ہی میں ساڑھے 6 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی تھی۔ حکومتی گرانٹ ملنے کے باوجود فیڈریشن نے ملازمین کو 6 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی۔قومی ٹیم کے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو 6 ایونٹس کے ڈیلی اؤلانس نہیں مل سکے۔