ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی ترقی کیلئے پورا زور لگا دیں گے: خواجہ سعد رفیق

02-02-2024

(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی ترقی کیلئے پورا زور لگا دیں گے۔

مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی پاکستان میں کسی انتہا پسند کی ضرورت ہے، کسی کے گمراہ کن نعروں میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا لاہور والوں نے کبھی بھی نواز شریف اور شہباز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس لئے نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا، ن لیگ پاکستان میں ترقیاتی کاموں کا سوچتی ہے، آج پاکستان کو نفرت کے ٹیکے لگانے والی قیادت نہیں چاہئے، کوئی اور جماعت اس کے بارے میں نہیں سوچتی، پورے پاکستان میں ترقیاتی کاموں کی بات ہو گی تو صرف (ن)لیگ کی بات ہو گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھے ہیں ہم نے کوئی خوشی نہیں منائی ، یہ اپنے دور میں مٹھائیاں بانٹتے تھے، خوشیاں مناتے تھے، نواز شریف نے پاکستان میں آ کر کہا میں نے اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا، میں نے کسی سے بدلے کی سیاست نہیں کرنی۔ رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے اگر ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی ترقی کیلئے پورا زور لگا دیں گے، پاکستان کے اداروں کو ان کے قدموں پر کھڑا کریں گے، ہم پاکستان کو جدید پاکستان کی طرف لے کر جائیں گے۔