نگران پنجاب حکومت نے بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لئے کچھ نہ کیا

02-02-2024

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے ایک سال کے دوران بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لئے کچھ نہ کیا۔

گزشتہ مون سون سیزن میں سیوریج لائنیں ٹوٹنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔ چار برسوں میں سیوریج لائن ٹوٹنے کے بیس واقعات ہو چکے ہیں۔ واسا انتظامیہ کوئی بوسیدہ سیوریج لائن تبدیل نہ کر سکی۔ مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن خیابان فردوسی پر چھ بار شگاف پڑ چکے ہیں۔ واسا نے شوق چوک سے شوکت خانم چوک تک سیوریج لائن کی تبدیلی کا 75 کروڑ روپے کا منصوبہ بنایا۔ چار سال میں خیابان فردوسی کی مین سیوریج لائن تبدیل نہ ہو سکی۔ کھاڑک نالے سے ملحقہ سیوریج لائن ٹوٹنے سے 50 فٹ چوڑا شگاف پڑ چکا ہے۔ مین بلیوارڈ گلشن راوی کی شگاف زدہ سیوریج لائن بھی واسا کی توجہ کی منتظر ہے۔ مین بلیوارڈ اقبال ٹاؤن اور ملحقہ گلیوں کی سیوریج لائنیں بھی شگاف زدہ ہیں۔ ملتان روڈ کھاڑک اور سید پور کے علاقوں کی مرکزی سیوریج لائنوں پر بھی شگاف پڑ چکے ہیں۔ واسا کی مبینہ کوتاہی کے سبب سیوریج لائنوں میں جمع زہریلی گیس کے اخراج کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔