ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز شہریوں کی سہولت کیلئے 24 گھنٹے کھول دیئے گئے

02-02-2024

(لاہور نیوز) پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز شہریوں کی سہولت کے لئے 24 گھنٹے کھول دیئے گئے۔

شہرِ لاہور کے ہسپتالوں میں پولیس خدمت کاؤنٹرز پر شہریوں کو خدمات کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔ پولیس خدمت کاؤنٹرز سے جنوری میں1 ہزار 275 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے۔ 500پولیس افسران اور انکے اہل خانہ کو پولیس خدمت کاؤنٹرز سے سہولیات فراہم کی گئیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ جنوری میں 11 لاکھ 50 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ 9لاکھ 90 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ 1لاکھ سے زائد شہریوں نے فریش،95 ہزار سے زائد نے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔ 5 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔ ۔ 1400 سے زائد شہریوں نے اپنے گم شدہ لائسنس کو دوبارہ حاصل کیا۔ 5 لاکھ سے زائد شہریوں نے بذریعہ آن لائن لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق ٹریفک پولیس کے دفاتر اور خدمت مراکز سے بھی شہری اپنا لائسنس حاصل کر رہے ہیں۔ دوسری جانب رواں سال کے پہلے ماہ ہی 5 لاکھ سے زائد شہری قانون شکن نکلے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں موٹرسائیکل سوار آج بھی سب سے آگے ہیں۔ جنوری میں 28 ہزار بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔ کم عمر ڈرائیونگ پر 843 گاڑیاں، موٹرسائیکل و رکشے بند کروائے گئے۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 6 ہزار، خطرناک انداز میں ڈرائیونگ پر 10 ہزار وہیکلز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ، ون وے، رانگ پارکنگ، دھواں چھوڑنے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر دو ہزار روپے جرمانہ ہے۔ چالان کا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی اصلاح مقصود ہے۔