حکومت اور نجی بینکوں کا پی آئی اے کا قرض ری شیڈول کرنے کا معاہدہ ہوگیا

02-02-2024

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت اور نجی بینکوں میں پی آئی اے کا قرض ری شیڈول کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق وفاقی حکومت اور نجی بینکوں کے درمیان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 268 ارب روپے قرض کو ری شیڈول کرنے کا معاہدہ ہوگیا ہے جس سے اس کا بوجھ تو ملک کے ٹیکس دہندگان پر پڑے گا تاہم اس کے نتیجے میں نجکاری کے راستے میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ دور ہوجائے گی۔ وزارت خزانہ کا اس سے قبل موقف تھا کہ پی آئی اے کے قرض کو سرکاری قرض میں شامل نہ کیا جائے تاہم اب اس موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے اور وزارت نجکاری کے ذرائع کے مطابق اب اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سرکاری ایئرلائن کا قرض اور اس پر واجب الادا سود کی ادائیگی کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ اتفاق رائے کے مطابق پی آئی اے کی فروخت کے سلسلے میں حکومت بنیادی رقم فراہم کرے گی اور مطلوبہ حجم میں کمی کی صورت میں نجی بینکوں کو بجٹ سے ادائیگی کی جائے گی جبکہ دوسری جانب بینکوں نے رضامندی ظاہر کی ہے کہ پی آئی اے کے قرض کو مزید 12 فیصد یا 32 ارب 20 کروڑ روپے سالانہ سود پر مزید دس سال کے لیے ری شیڈول کردیا جائے گا۔