ایس آئی ایف سی اجلاس: سٹریٹیجک کنالز ویژن 2030، ایف بی آر اصلاحات منظور

02-02-2024

(لاہور نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا نواں اجلاس نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ہوا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وفاقی وزرا، صوبائی وزرا اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف وزارتوں نے سرمایہ کاری، جاری منصوبوں، پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے شرکا کو سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، ایپکس کمیٹی نے منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، کمیٹی نے متعین شدہ اہداف کے حصول میں حکومت کے مثبت کردار کو سراہا۔ کمیٹی نے معیشت کی بہتری کے اقدامات اور ان کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا، کمیٹی نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات کوسراہا، کمیٹی نے افرادی قوت کی ترقی، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔کمیٹی نے مقامی تنازعات کے حل کیلئے موثر طریقہ کار سے ایک پائیدار نظام بنانے کی تعریف کی، کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا۔ کمیٹی نے اجلاس میں سٹریٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی، کمیٹی نے دوست ممالک کی سرمایہ کاری سے بھرپور مستفید ہونے کیلئے اٹھائے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج معاشی استحکام اور عوام کی سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔