دفعہ 144 کا نفاذ، الیکشن کمیشن اور نگران پنجاب حکومت سے جواب طلب

02-02-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اور نگران پنجاب حکومت سے 6 فروری کو جواب طلب کر لیا۔

پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مزمل اختر شبیر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عام انتخابات ہونے والے ہیں، دفعہ 144 نہیں لگائی جا سکتی، اسلحہ لے جانے پر دفعہ 144 لگانے کی ضرورت نہیں، یہ ایک علیحدہ جرم ہے، اگر دفعہ 144 لگانی تھی تو الیکشن کمیشن خود درخواست دیتا، لہذا عدالت پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر الیکشن کمیشن اور نگران پنجاب حکومت سے 6 فروری کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔