مسلم لیگ ن صرف خدمت میں مقابلہ کرتی ہے: مریم نواز
02-02-2024
(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کسی سے مقابلہ نہیں کرتی، یہ صرف خدمت میں مقابلہ کرتی ہے۔
فیصل آباد دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ فیصل آباد کے شیروں، شیرنیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، میں نے دیکھا جب رانا ثنا اللہ کا نام لیا تو سارا مجمع گونج اٹھا تھا، آپ نے آج جس طرح ہمارا استقبال کیا مجھے لگا ہی نہیں کہ نواز شریف 4 سال یہاں نہیں تھے، حکیم رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کا ایسا علاج کیا کہ بیمار نظر آتا ہے نہ بیماری۔ مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتی نہ ہی کسی کو چور کہتی ہے، مسلم لیگ ن کسی سے مقابلہ نہیں کرتی یہ صرف خدمت میں مقابلہ کرتی ہے اسی لئے ممی ڈیڈی نہیں بلکہ اصلی پاکستانی (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کو ہرانے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے لیکن نواز شریف ابھی بھی یہاں ہے، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ترقی کرتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، فیصل آباد والوں نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔