الیکشن کے پُرامن انعقاد اور عوامی سکیورٹی کیلئے کے تمام انتظامات مکمل
02-02-2024
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے الیکشن کے پُرامن انعقاد اور عوامی سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق 23 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پولنگ کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ ہو گی، حساس پولنگ سٹیشنز کی مانیٹرنگ سیف سٹیز اتھارٹی کے ذریعے کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہو گا، ڈولفن سکواڈ ، ایلیٹ فورس، پولیس رسپانس یونٹ، سپیشل برانچ سمیت تمام فارمیشنز کو الیکشن سکیورٹی کیلئے استعمال کیا جائے گا، 1لاکھ 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کے 66 ہزار جوان بھی ڈیوٹی دینگے۔ پولیس حکام کے مطابق 13 ہزار 100 لیڈی اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گی، حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر 5، حساس پولنگ سٹیشنز پر 4 اور نارمل پولنگ سٹیشنز پر 3 اہلکار تعینات ہونگے، کوئیک رسپانس کیلئے ہر ضلع میں ایس ایچ او 10 جوانوں کے ساتھ اپنے علاقہ میں موجود رہے گا، ڈی ایس پی 20 جبکہ ڈی پی او 40 اہلکاروں کے ساتھ اپنے سرکل میں موجود ہونگے۔ پولیس حکام کے مطابق ہر ضلع میں 3 ریزروز کوئیک رسپانس کے طور پر موجود رہیں گی، لاہور میں 26 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، 1685پولنگ بلڈنگز پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، پولنگ ڈے پر 2 ہزار سے زائد لیڈی پولیس بھی سکیورٹی ڈیوٹی دیں گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ پولنگ بلڈنگز کے اطراف 4 درجاتی سکیورٹی حصار قائم کیا جائے گا، تمام ڈویژنز میں الیکشن مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، آر اوز دفاتر سے پولنگ سامان کی بحفاظت ترسیل کو ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔