عام انتخابات: قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 88 امیدوار انتقال کر گئے

02-02-2024

(ویب ڈیسک) عام انتخابات سے قبل قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 88 امیدوار انتقال کر گئے۔

الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ انتقال کرنے والوں میں قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلیوں کے 79 امیدوار شامل ہیں، قومی اسمبلی اور کے پی صوبائی اسمبلی کے ایک آزاد امیدوار ریحان زیب دہشتگردی کا شکار ہوئے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 8 باجوڑ اور کے پی اسمبلی کے حلقہ 22 سے آزاد امیدوار کے قتل کے سبب انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، جس کیلئے نئی تاریخ کا اعلان جنرل الیکشن کے بعد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 91 کوہاٹ میں انتخابی امیدوار عصمت اللہ کا 30 جنوری کو انتقال ہوا جبکہ قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلیوں کے 78 امیدوار حتمی فہرستوں کے اجراء سے قبل وفات پا گئے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے ایک امیدوار قتل اور دوسرے کے انتقال کر جانے سے امیدواروں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی، دوسری جانب حتمی فہرستوں کے اجراء سے قبل انتقال کرنے والے 86 امیدواروں کے حلقوں میں انتخابات ملتوی نہیں کئے گئے۔