دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

02-02-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر فریقین سے6 فروری کو جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری مزمل اختر شبیر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دلائل دیئے، درخواست میں پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابات ہونے والے ہیں دفعہ 144 نہیں لگائی جا سکتی، اسلحہ لے جانے کے لیے دفعہ 144 لگانے کی ضرورت نہیں، یہ ایک علیحدہ جرم ہے، اگر دفعہ 144 لگانی تھی تو الیکشن کمیشن خود درخواست دیتا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کو کالعدم قرار دے۔ بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت  6 فروری تک ملتوی کردی۔