یہ سچ ہے کہ پیسوں کی خاطر کینیڈا سے پاکستان آیا: تابش ہاشمی
02-02-2024
(ویب ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اور سٹینڈ اپ کامیڈین تابش ہاشمی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پیسوں کی خاطر کینیڈا سے پاکستان آئے، کیوں کہ انہیں اچھے پیسوں کی پیشکش ہوئی۔
تابش ہاشمی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کینیڈا سے پاکستان آنے کی وجوہات پر کھل کر بات کی۔ تابش ہاشمی نے پاکستان آنے کے سوال پر کہا کہ اگرچہ ملک کے حالات اچھے نہیں ہیں لیکن چونکہ انہیں اچھی پیشکش ہوئی تھی، جس سے ان کے حالات اچھے ہونے تھے، اس لیے وہ پاکستان آگئے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ پیسوں اور کمائی کی خاطر کینیڈا سے پاکستان آئے، کیونکہ پیسوں سے پاکستان میں کچھ بھی کیا جا سکتا ہے۔ کامیڈین کا کہنا تھا کہ انہیں نہ صرف اچھی آفر ہوئی بلکہ انہیں قومی ٹی وی پر بھی کام کرنے کا موقع ملا، جس وجہ سے وہ پاکستان آئے۔ تابش ہاشمی نے کہا کہ اچھی کمائی سے نہ صرف وہ بلکہ ان کے بچے بھی عیاشی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل میں تو وہ محنت کر رہے ہیں جبکہ عیاشی تو ان کے بچے کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ چند سال قبل تک تابش ہاشمی کینیڈا میں مقیم تھے اور وہاں رہتے ہوئے یوٹیوب پر سلیبرٹی کامیڈی شو کیا کرتے تھے۔