بھارت کی پاکستان مخالف فلم'فائٹر' کو ریلیز کے پانچویں دن بھی منہ کی کھانی پڑگئی
02-01-2024
(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پاکستان مخالف فلم ‘فائٹر’ ریلیز کے پانچویں دن فلاپ ہوگئی۔
رپورٹ کےمطابق 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ‘فائٹر’ نے ریلیز کے ابتدائی دنوں میں شاندار بزنس کیا اور بھارت میں ہالی ووڈ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔شاندار آغاز کے باوجود بھی ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ‘فائٹر’ باکس آفس پر زیادہ دن تک حکمرانی نہیں کرسکی اور بھارتی میڈیا نے فلم کو ریلیز کے پانچویں دن فلاپ قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘فائٹر’ ریلیز کے چوتھے دن 200 کروڑ کے کلب میں داخل ہوگئی تھی جبکہ پانچویں دن فلم کے بزنس میں70 سے 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پاکستان مخالف فلم کو فلاپ قرار دے دیا گیا۔ فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق حب الوطنی کا تڑکا اور پاکستان مخالف مواد ہونے کے باوجود بھی فلم ‘فائٹر’ شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف نہیں کھینچ سکی۔فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون نے انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کیا ہے جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے۔ واضح رہے کہ یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے بنایا ہے اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ کے موقع پر 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا۔