ملازم کی پٹائی، راحت فتح علی خان نے عوام سے معافی مانگ لی

02-01-2024

(لاہور نیوز) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار و قوال راحت فتح علی خان نے ملازم کی پٹائی پرغلطی تسلیم کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگ لی۔

گزشتہ دنوں گلوکار راحت فتح علی خان کی ملازم کی پٹائی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں راحت فتح علی خان ملازم سے بوتل کا پوچھتے رہے تھے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاگرد کے ہمراہ ویڈیو بیان میں گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا تھاکہ یہ ویڈیو ایک استاد اور شاگرد کے آپس کے معاملے کی بات ہے، شاگرد اچھا کام کرتا ہے تو ہم اس کو اتنا ہی پیار بھی دیتے ہیں، اگر کوئی غلطی ہوتی ہے تو ہم اس کوسزا بھی دیتے ہیں۔ راحت فتح علی خان نے اب سماجی رابطے کی سائٹ فیس بک پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے ملازم پر تشدد کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب سے معافی کا طلبگار ہوں، اُس کے بعد اپنے خاندان، دوستوں، عزیز و اقارب، مداحوں سے بھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ انہیں میرے اس رویے کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہے۔ گلوکار نے دعویٰ کیا کہ اُن کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 9 ماہ پرانی ہے جو اُن کے مخالفین نے حال ہی میں کی جانے والی پریس کانفرنس کے بعد جان بوجھ کر شیئر کی۔