پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سالٹ یونٹس کی چیکنگ، 135 کلو ناقص نمک تلف
02-01-2024
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں سالٹ یونٹس کی چیکنگ کی اور 135 کلو ناقص نمک تلف کر دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں سالٹ یونٹس کی چیکنگ کے دوران 427 یونٹس کا معائنہ کیا ، 3 یونٹس کی پروڈکشن بند، 135 کلو ناقص نمک تلف کر دیا گیا، 17 یونٹس کو 1 لاکھ 63 ہزار کے جرمانے عائد، 310 یونٹس کو مزید بہتری کے لئے نوٹس جاری کر دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 39، فیصل آباد میں 52، ساہیوال میں 48، راولپنڈی ڈویژن میں 29 نمک یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 50 یونٹس، سرگودھا میں 82، بہاولپور میں 53، ملتان میں 40، ڈی جی خان میں 24 یونٹس کا معائنہ کیا گیا۔ نمک کے معیار کی تفصیلی جانچ کے لئے 315 نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 3 یونٹ بند جبکہ 17 کو بھاری جرمانے کئے گئے۔ ناقص اور غیر معیاری نمک کو دلکش پیکنگ لگا کر سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق اشیا خورونوش میں ملاوٹ سنگین جرم ہے، ناقص نمک پیٹ اور انتڑیوں کے انفیکشن سمیت دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے ، چند پیسوں کیلئے عوام کی صحت سے کھیلنے والے مافیا کیخلاف سخت کارروائیاں کی جاری ہیں۔ عاصم جاوید نے کہا کہ اپنی خوراک میں شامل اشیا کے معیار کی بنیادی چانچ پڑتال یقینی بنائیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔