میو ہسپتال لاہور کے کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے بہتر ہے:محسن نقوی
02-01-2024
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ دعویٰ ہے میو ہسپتال لاہور کے کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے بہتر ہے۔
میو ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی تعمیرات میں ہر بندے نے اپنا کردار ادا کیا ہے، میو ہسپتال کی ایمرجنسی 250 بیڈز کی بن گئی ہے، ایسا سسٹم متعارف کرایا ہے جس میں مریض کو صرف اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا، میو ہسپتال میں تمام فرنیچر اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ میو ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ بنائے گئے ہیں، ہسپتال میں نئے 9آپریشن تھیٹرز بھی بنائے گئے ہیں، اس میں پورا فائر الارم سسٹم موجود ہے، میو ہسپتال میں نیوروسرجری کی مشین آپریشنل کردی گئی ہے، پنجاب کے بہترین ڈاکٹرز اس ہسپتال کی ایمرجنسی میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال میں غریبوں کا مفت علاج ہے، استطاعت رکھنے والے مریضوں کیلئے 7پرائیویٹ کمرے بنائے گئے ہیں، اس ہسپتال میں پرائیویٹ ہسپتال سے بہتر علاج ملے گا، سی این ڈبلیو آئندہ 6 ماہ کیلئے اس کی دیکھ بھال کرے گا۔