بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں: مصدق ملک

02-01-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں، ن لیگ نے کبھی کسی کے دکھ پر جشن نہیں منایا۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما مصدق ملک کا کہنا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہم نےکوئی مٹھائی نہیں بانٹی، یہ فیصلہ تو ایک عدالت کا ہے کسی پارٹی کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  آج انہیں سزاہوئی توجج محمد بشیر پر تنقید ہوئی، دوسروں کو سزا ہوئی تو جج محمد بشیرکو مرد مومن کہا گیا، نوازشریف کیخلاف مقدمات میں سپریم کورٹ آف پاکستان کو ہی ایک ٹرائل کورٹ بنا دیا گیا تھا،ان کیخلاف کیسز میں سپریم کورٹ کے کوئی جج بھی نگرانی کیلئے نہیں لگائے گئے، نوازشریف کے 2وکیل تھے اور وہ ہی سارے کیسز لڑے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پہلا فیصلہ یہ ہے آپ نے توشہ خانہ کے تحائف اثاثوں میں ظاہر ہی نہیں کیے ، 3ارب 15کروڑ کی چیز 2کروڑ کی ڈیکلیئر کرکے90 لاکھ میں خرید لی، ہمیں جو بھی تحائف ملے وہ توشہ خانہ میں پڑے ہیں، آپ کیخلاف فیصلے میں کوئی جھول ہے تو عدالتیں موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب نوازشریف کی زوجہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں تو آپ لوگ کہتے تھے کہ یہ مذاق کررہی ہیں، کسی کی ماں،بیٹی اور بہن کی عزت صرف ہم پر فرض ہے کیا آپ پر نہیں؟ نیا پاکستان اور پرانا پاکستان نہیں بھائی صرف ایک پاکستان ہے۔