ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کوجرمانے ونوٹسز

02-01-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور وارننگ نوٹسز جاری کردیئے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مظفر گڑھ نے این اے 175 سے امیدوار جمشید دستی پر 50ہزارروپے جرمانہ عائد کیا، جمشید دستی کو بلا اجازت کار ریلی منعقد کرنے پر جرمانہ کیا گیا، امیدوار پی پی 268 مظفر گڑھ جام محمد یونس کو خلاف ضابطہ تشہیری مواد آویزاں کرنے پر 10ہزار روپے جرمانہ  کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ پی پی 209خانیوال سے امیدوار چودھری ضیا الرحمٰن کو ہوائی فائرنگ پر 50ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، پی پی 81 خوشاب میں انتخابی امیدوار کے حامی محمد اخلاق اعوان پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، محمد اخلاق نے ضابطہ اخلاق کے پیرا 41کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیز تقاریر کیں۔ اسی طرح ملتان کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے امیدواران خواجہ صغیر احمد، یوسف رضا گیلانی اور عبدالغفار ڈوگر سمیت 13امیدواروں کو وارننگز اور نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ این اے 161 بہاولنگر سے امیدوار محمد اجمل قادری نے 20ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کروایا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ امیدواران کو 2 فروری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔