بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل، رہائشگاہ سب جیل قرار

02-01-2024

(ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بنی گالا کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، بشریٰ بی بی بنی گالا میں قید رہیں گی، سابق خاتون اول کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے بنی گالا رہائشگاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، ریزیڈنشل کمپاؤنڈ خان ہاؤس بنی گالا کو 31 جنوری سے تاحکم ثانی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے گرفتاری دی تھی۔ بشریٰ بی بی گرفتاری دینے خود اڈیالہ جیل پہنچی تھیں جہاں نیب ٹیم پہلے سے ہی جیل میں موجود تھی۔